حکومت نے پرویز الٰہی کے طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا

5رکنی میڈیکل بورڈ میں امراض قلب، میڈیسن، معدہ، سینہ، جنرل سرجری کے ماہرین شامل ہیں، بورڈ ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر پرویز الٰہی کا علاج کرے گا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 4 اپریل 2024 16:40

حکومت نے پرویز الٰہی کے طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 اپریل2024 ء) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی رہنماءپرویز الٰہی کے طبی معائنے کیلئے حکومت نے 5رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا ہے ،پرویز الٰہی کے ایکو کارڈیوگرام، دل اورخون کے ٹیسٹ کئے جائیں گے۔میڈیکل بورڈ میں امراض قلب، میڈیسن، معدہ، سینہ، جنرل سرجری کے ماہرین شامل ہیںجن میں ڈاکٹر اختر بندیشہ، ڈاکٹر علی عارف، ڈاکٹر ممتاز نیازی، ڈاکٹر تاشفین اور ڈاکٹر اسرار شامل ہیں۔

میڈیکل بورڈ ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر پرویز الٰہی کا علاج کرے گا۔ سابق وزیر اعلیٰ کو سینے میں درد کی شکایت ہے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی طویل عرصہ سے شوگر، عارضہ قلب میں مبتلا ہیں۔پرویزالٰہی کو پہلے سے جاری ادویات دی جا رہی ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روزراولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قیدسابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو دل میں تکلیف کے باعث دوبارہ پمز ہسپتال میں داخل کر لیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پرویز الٰہی کی طبیعت سنبھل نہ سکی تھی جس کے بعد انہیں جیل سے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں میڈیکل بورڈنے ان کا مکمل طبی معائنہ کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق پمز ہسپتال میںپرویزالٰہی کے ایکسرے اور دیگر ٹیسٹ کئے گئے تھے۔پرویزالٰہی کوامراض قلب کے وارڈ میں داخل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز ان کاطبی معائنہ کررہے ہیں۔پرویزالٰہی اڈیالہ جیل کے واش روم میں گرنے سے زخمی ہوگئے تھے اور ان کوچہرے،کندھے اور پسلیوں پر شدید چوٹیں آئیں تھیں۔

چند روز قبل بھی سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو پمز اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا تھا۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چند روز قبل اڈیالہ جیل میں گرنے سے زخمی ہوگئے تھے۔واش روم میں گرنے کی وجہ سے پرویز الٰہی کے سر، کمر اور آنکھ پر زخم آئے تھے۔سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی کی آنکھ کے اوپر چوٹ کا نشان بھی تھا۔ پرویزالٰہی کوچند روز قبل رات کو پسلیوں میں درد کی شکایت رہی تھی جس کیلئے ڈاکٹرز ان کو درد کم کرنے کیلئے پین کلر دی تھیں۔