ئ*کھلاڑیوں کی رہائش، پی سی بی نے قذافی سٹیڈیم کے قریب کثیر المنزلہ عمارت حاصل کر لی

غیر ملکی اور مقامی کرکٹرز کے لیے رہائش کا بڑا مسئلہ عمارت کی تکمیل کے مرحلے تک پہنچنے پر حل ہو جائے گا

جمعرات 4 اپریل 2024 17:56

غ*لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اپریل2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کے قریب 4 ارب روپے میں ایک کثیر المنزلہ عمارت خریدی ہے جس کا مقصد مقامی اور بین الاقوامی کرکٹرز کے لیے رہائش کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم کے بالکل قریب کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کی گئی تھی۔ سکیورٹی خدشات کے باعث پی سی بی نے اس پر اعتراض کیا، قانونی تنازعات بھی پیدا ہوئے اور اس دوران تعمیراتی کام روک دیا گیا۔

بلڈر نے فلیٹس کے لیے لوگوں سے پیسے بھی لیے تھے جب وہ پھنس گیا تو اس نے عمارت کو پی سی بی کو فروخت کرنے کی پیشکش کی۔ ذکا اشرف کے بورڈ کے سربراہ کے طور پر حالیہ دور میں اس منصوبے پر پیش رفت ہوئی تھی لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ اب پی سی بی نے یہ عمارت باضابطہ طور پر چار ارب روپے میں خرید لی ہے۔

(جاری ہے)

عمارت فی الحال ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس کے طور پر نامکمل حالت میں ہے لہذا انہیں اسے ہوٹل میں تبدیل کرنے کے لیے اس کی تزئین و آرائش کی ضرورت ہوگی۔

منصوبے پر مزید خطیر فنڈز خرچ کیے جائیں گے لیکن تکمیل کے مرحلے تک پہنچنے پر غیر ملکی اور مقامی کرکٹرز کے لیے رہائش کا ایک بڑا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ فی الحال ٹیمیں مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں ٹھہرتی ہیں جس پر پی سی بی کے لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔ تاہم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ہوٹل سے سٹیڈیم جانے والی سڑکیں بند ہوتی ہیں جس سے عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔ قریبی رہائش ہر کسی کو سہولت فراہم کرے گی اور پیسے کی بچت بھی کرے گی۔ غور طلب ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی ای) میں رہائش کی معیاری سہولیات بھی ہیں لیکن ٹیموں کے ساتھ رہنے کے لیے کمروں کی تعداد کافی نہیں ہے۔ پی سی بی لاہور کے بعد کراچی میں بھی نیشنل اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔