امریکا کا شام قونصل خانے پر فضائی حملے کے بعد اسرائیل اور ایرا ن کی ممکنہ جنگ بارے انتباہ

جمعہ 5 اپریل 2024 11:58

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) امریکا نے شام قونصل خانے پر فضائی حملے کے بعد اسرائیل اور ایرا ن کی ممکنہ جنگ بارے خبر دار کیا ہے ۔ امریکی قومی سلامتی کونسل کے سٹریٹجک کمیونیکیشنز کوآرڈینیٹر جان کربی نےسی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شام میں اسرائیل کی جانب سے ایران کے قونصل خانے پر مہلک فضائی حملے کے امریکا دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ جنگ کا امکان دیکھ رہا ہے اور اس حوالے سے تشویش بھی ہے ، امریکا فکر مند ہے کیونکہ ایران کی طرف سے اسرائیلی ریاست کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

(جاری ہے)

جان کربی نے مزید کہا کہ میرے خیال میں یہ یادرکھنا ضروری ہے کہ ہم اسرائیل کو جو سکیورٹی امداد فراہم کرتے ہیں وہ صرف غزہ کے لیے نہیں ہے اور ہم ان متعدد خطرات کے خلاف اسرائیل کی مدد جاری رکھیں گے۔انہوں نے مزیدکہاکہ امریکا اسرائیل کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا ۔ واضح رہے یکم اپریل کو اسرائیل کی فضائیہ نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملہ کیا جس میں 13 افرادجاں بحق ہوگئے ۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسرائیل کو اپنے حملے پر پچھتانا پڑے گا اورحملے کا جواب دیا جائے گا۔