سانگھڑ ، آلودہ پانی کے استعمال سے 5بچے جاں بحق ہوگئے

واقعے کے بعد ڈی ایچ او سانگھڑ نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور واٹر پمپ کو سیل کردیا، متاثرہ علاقے میں زیر زمین پانی کا استعمال کرنے سے منع کر دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 5 اپریل 2024 13:21

سانگھڑ ، آلودہ پانی کے استعمال سے 5بچے جاں بحق ہوگئے
سانگھڑ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 اپریل2024 ء) سانگھڑ کی تحصیل سنجھورو میں آلودہ پانی کے استعمال سے 5بچے جاں بحق ہوگئے،واقعے کے بعد ڈی ایچ او سانگھڑ نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور واٹر پمپ کو سیل کردیا۔ڈان نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) سانگھڑ نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں زیر زمین پانی کا استعمال کرنے سے منع کر دیا گیا، زیر زمین پانی کے نمونے لیبارٹری میں چیک کیے گئے، جس میں سینکھیا کی مقدار زیادہ پائی گئی۔

چند روزقبل وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ملک کے پانچ اضلاع سے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے، وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی کیماڑی، حیدرآباد، ملتان، کوئٹہ اور فیصل آباد کے نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پانچوں اضلاع سے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا۔وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ان نمونوں میں پائے جانے والے وائرس کا تعلق سرحد پار سے ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ملک کے کئی شہروں میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ملتان، پشاور اور کراچی ملیر سے لیے گئے سیوریج کے پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا جبکہ اس کے علاوہ کراچی ،ملتان ،فیصل ،کوئٹہ اور کیماڑی میں بھی پولیو وائرس ملنے کی تصدیق کی گئی تھی۔ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، مستقبل کے معماروں کو اس موذی مرض سے بچانا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کا تعلق سرحد پار کے پولیو وائرس سے ہے، وائرس ایک سے دوسری جگہ منتقل ہو رہا ہے اور بچوں کیلئے مسلسل خطرہ ہے۔وزارت صحت نے خدشہ ظاہر کیاتھا کہ پولیو بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور کر سکتی ہے، جبکہ ساتھ ہی والدین سے درخواست میں کہنا تھا کہ والدین بچوں کو پولیو ویکسین، حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی مکمل کروانے کا کہا گیاتھا۔