خیبرپختونخواہ حکومت چشمہ لفٹ کینال پراجیکٹ کی فوری تعمیر کےلئے سنجیدہ ہے ،کمشنر ڈیرہ ظفر السلام خٹک

جمعہ 5 اپریل 2024 15:50

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) ڈیرہ اسماعیل خان ()کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ حکومت چشمہ لفٹ کینال پراجیکٹ کی فوری تعمیر کےلئے سنجیدہ ہے ، اس کےلئے فزیبلٹی مکمل کرلی گئی ہے، ڈونرز سے بات چیت جاری ہے، جلد ہی چشمہ لفٹ کینال کے حوالے سے بریک تھرو ہوگا، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 44ڈیرہ اور تحصیل درابن کے چیئرمین کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے ڈویژنل انتظامیہ نے تمام تر انتظامات اور سیکورٹی کو حتمی شکل دیدی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا، کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک کا مزید کہنا تھا کہ قوموں کے درمیان زمین کے حوالے سے عرصہ دراز سے جاری تنازعات کے حل کےلئے ہماری کوششیں جاری ہیں ، گومل کے علاقہ میں وزیر اور محسود قبائل کے درمیان اراضی کے تنازعہ پر ڈپٹی کمشنرز لوئر اور اپر کی قیادت میں دونوں اقوام کے پہلے الگ الگ جرگے ہوئے ،ماہ رمضان المبارک سے قبل ان کی صدارت میں دونوں قبائل اور دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی موجودگی میں مشترکہ جرگہ کیا گیا، جس کے حوصلہ افزاءنتائج برآمد ہوئے،انشاءاللہ ہم اس مسئلہ کے پر امن حل کی طرف جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

کمشنر ڈیرہ کا مزید کہنا تھاکہ گومل زام کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام 30جون 2024کو ختم ہورہاہے، اس حوالے سے ماہ مارچ میں ان کی صدارت میں ہونےوالے اجلاس میں پی ڈی گومل زام ،ڈی سی ایس ،یو ایس ایڈ پروگرام کے نمائندوں نے شرکت کی تھی ،جس میں انہوں نے ہدایت دی تھی کہ چونکہ گومل زام کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام30جون تک ختم ہونا ہے، اور اب تک 70فیصد کام مکمل ہوچکاہے، بقایا 30فیصد کام کو بھی 30جون 2024سے پہلے پہلے مکمل کرلیا جائے، انہوں نے کہاکہ گومل زام کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کی تکمیل سے علاقہ سیراب ہوگا، زراعت ترقی کرے گی ،اور ہزاروں ایکڑ مزید اراضی بھی سیراب ہوجائےگی۔