Live Updates

کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان میں نماز تراویح میں تکمیل قرآن کی تقریب

اللہ پاک نے مسلمانوں کو ماہ صیام میں اپنی رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا نادر موقع عطا کیا :خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 5 اپریل 2024 20:26

کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان میں نماز تراویح میں تکمیل قرآن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان میں نماز تراویح میں تکمیل قرآن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سابق نگران وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے بھی شرکت کی۔تقریب کا انعقاد صدر کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان اور وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کی جانب سے کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، سابق وی سی ایف جے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان، پروفیسر ابرار اشرف، پروفیسر اصغر نقی و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ اللہ تعالیٰ اس پاک مہینے رمضان المبارک کے صدقے ہمارے ملک و قوم پر اپنا خاص کرم فرمائیں۔

اللہ رب العزت نے ہم مسلمانوں کو اس پاک مہینے میں اپنی رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا نادر موقع عطاء کیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پاکستان اس وقت انتہائی نازک دوراہے پر کھڑا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں عوام کی خدمت کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ صدر کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان اور وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے نماز تراویح میں تکمیل قرآن کی پُر نور محفل میں آمد پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور اپنے استاد پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا شکریہ ادا کیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات