پاکستان تحریک انصاف نے ججز کو زہریلے مواد پر مشتمل دھمکی آمیز خطوط کی ترسیل ججز کو ہراساں کرنے کی حکومتی سازش قرار دے دیا

جمعہ 5 اپریل 2024 21:19

پاکستان تحریک انصاف نے ججز کو زہریلے مواد پر مشتمل دھمکی آمیز خطوط ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے ججز کو زہریلے مواد پر مشتمل دھمکی آمیز خطوط کی ترسیل ججز کو ہراساں کرنے کی حکومتی سازش قرار دے دیا اور فوری، جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ سپریم کورٹ کی جانب سے ازخود نوٹس کیس کی کارروائی کے آغاز کے بعد زہریلے مواد پر مشتمل خطوط کے سلسلے میں تیزی کا مقصد عدالتوں میں خوف اور بے یقینی کا ماحول پیدا کرنا ہے،ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مشتبہ خطوط کی ترسیل کے ذریعے ججزکو خوف اور دباؤ کا شکار کرتے ہوئے قانون و انصاف پر مبنی فیصلوں سے باز رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

عدلیہ کے اندر سے غیرآئینی دباؤ اور مداخلت کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کے بعد نظام عدل کو مزید دباؤ کا شکار کرنے والے عناصر کا تعین ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

خاص طور پر تحریک انصاف سے متعلقہ مقدمات کی سماعت کرنے والے ججز کو خطوط بھیجنے کا مقصد واضح طور پر عدالتی فیصلوں پر اثر انداز ہونا ہے، اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو یکے بعد دیگرے 'مشکوک' لفافوں کی ترسیل اتنہائی سنجیدہ معاملہ اور عدلیہ پر براہِ راست حملہ ہے۔

معاملے کی فوری اور جامع تحقیقات کرتے ہوئے عدلیہ پر حملہ آور عناصر کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے، دھمکی آمیز خطوط کے سلسلے کے تناظر میں اعلیٰ عدلیہ کے تمام معزز ججز اور ان کے اہلخانہ کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔تحریک انصاف عدلیہ کیساتھ کھڑی ہے اور عدلیہ پر حملہ آور ہونے یا ججز کو دباؤ میں لانے کی کسی بھی کوشش کو ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔