اسلام آباد ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

جمعہ 5 اپریل 2024 20:40

اسلام آباد ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی رہنما   ڈاکٹر بابر اعوان کا نام ای سی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما و سینئر قانون دان ڈاکٹر بابر اعوان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا ہے ۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پی ٹی آئی رہنما ایڈوکیٹ ڈاکٹر بابر اعوان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ریاست علی آزاد عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ بابر اعوان کا نام القادر ٹرسٹ کی انکوائری کی وجہ سے ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔

جب ریفرنس فائل ہوا تو پٹیشنر کا نام ملزمان کی فہرست میں نہیں تھا۔انہوں نے استدعا کی کہ ریفرنس میں ملزم نامزد نہ ہونے کے باعث بابر اعوان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے پٹیشنر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے احکامات جاری کر دیئے۔