بلوچستان میں چھوٹے کاشتکاروں کیلئے حکومتی سرپرستی میں وسیع پیمانے پر بلا سود سولر انرجی والے ٹیوب ویل لگائے جائیں، چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر محمد عبدالقادر

ہفتہ 6 اپریل 2024 19:37

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2024ء) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ بلوچستان رقبے کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اس صوبے کی عوام کا انحصار معدنیات اور زراعت پر ہے زراعت کے لیے پانی کا وافر انتظام زراعت کے فروغ کیلئے اہم ہے صوبہ بلوچستان میں بڑی نہریں اور بڑے دریا بہت کم ہیں زیادہ تر زراعت ندیوں کے پانی سے ہوتی ہے ندی میں طغیانی ہو یا پانی کی کمی دونوں صورتوں میں کاشتکاری بے حد متاثر ہوتی ہے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹرمحمدعبدالقادر نے کہاکہ وسیع پیمانے پر رقبے کو قابل کاشت بنانے کے لئے ضروری ہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں سنجیدگی کے ساتھ ارزاں نرخوں پر پانی کا حصول ممکن بنائیں صوبے بلوچستان میں سب سے پہلے چھوٹے کاشتکاروں کے لئے حکومتی سرپرستی میں وسیع پیمانے پر بلا سود سولر انرجی والے ٹیوب ویل لگائے جائیں تاکہ چھوٹا کاشتکار اپنے لئے اناج اگانے کے قابل ہو سکے اسکے بعد درمیانے درجے کے کاشتکاروں کے مسائل حل کئے جائیں اور اس کے بعد بڑے کاشتکاروں کو بلا سود سولر انرجی والے ٹیوب ویل لگا کر دیئے جائیں تاکہ صوبہ بھر کے کسانوں کے مسائل حل ہوں اور وہ وافر مقدار میں اناج اور مویشیوں کے لئے چارہ اگا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج تک صوبہ بلوچستان کے کاشتکاروں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کسی حکومت نے کبھی دلچسپی نہیں لی اسی وجہ سے صوبے بھر کے کاشتکار ہمیشہ مسائل کا شکار رہے ایسے نامساعد حالات میں بلوچستان میں قحط کا خدشہ رہتا ہے سولر انرجی والے ٹیوب ویل لگنے سے کاشتکاروں کو بجلی کے بھاری بلوں سے بھی نجات مل جائے گی اور وہ مختلف النوع اجناس کی اچھی پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب بھی ہو جائیں گے صوبائی اور وفاقی حکومتیں اگر ایک بار صوبہ بلوچستان کے کاشتکاروں کے مسائل حل کر دیں تو صوبے بھر میں خوشحالی نظر آنے لگے گی۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ صوبہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل روشن کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اس صوبے میں وسیع پیمانے پر سستی سولر توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے سے زرعی اور صنعتی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا اور صوبے کے محروم لوگوں کی غربت بھی ختم ہونے لگے گی اور یوں صوبے کی عوام میں احساس محرومی ختم ہوگا اور انکا جذبہ حب الوطنی مظبوط ہوگا صوبہ بلوچستان میں کسانوں کو منڈیوں تک تیز رفتار رسائی حاصل کرنے کے لئے مظبوط اور محفوظ سڑکوں کے نیٹ ورک سے منسلک کردیا جائے تاکہ کسان اپنی پیداوار کو منڈیوں تک رسائی دے سکیں۔