بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ، پنجاب کے رہائشی 2 مغوی کراچی سے بازیاب

پولیس اور ملزمان کے مقابلے میں 4 زخمیوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 اپریل 2024 12:20

بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ، پنجاب کے رہائشی 2 مغوی کراچی سے بازیاب
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل 2024ء ) بیرون ملک بھیجنے کا جھانسہ دے کر اغواء کیے گئے پنجاب کے رہائشی 2 افراد کو کراچی سے بازیاب کرالیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں اے سی ایل سی اور سی پی ایل سی کی جناب سے کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے نتیجے میں سائٹ ایریا میں 2 مغویوں کو بازیاب کرایا گیا، اس موقع پر پولیس اور ملزمان میں مقابلہ ہوا جس میں 4 زخمیوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا گیا۔

ایس ایس پی اے وی ایل سی نے بتایا کہ ملزمان نے شہری سے آن لائن رابطہ کیا اور بیرون ملک بھیجنے کیلئے 35 لاکھ روپے میں معاملات طے ہوئے، ملزمان نے شہریوں کو اٹلی بھیجنے کا جھانسہ دے کر فنگر پرنٹ کیلئے سرگودھا سے کراچی بلایا جس کے بعد ملزمان نے پنجاب سے آئے ہوئے 2 شہریوں کو بہادر آباد کی حدود سے اغواء کیا، جن کی رہائی کے لیے ان کے اہل خانہ سے 2 کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا، دباؤ ڈالنے کے لیے شہریوں پر تشدد کی ویڈیو بھی اہل خانہ کو بھیجی گئی۔

(جاری ہے)

ادھر راولپنڈی سے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والا گروہ گرفتار کرلیا گیا، ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے مالی فراڈ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا، جس کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم راولپنڈی چوہدری عبدالرؤف کی ہدایات پر انسپیکٹر بدر شہزاد کی جانب سے چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے نتیجے میں ملزمان کی گرفتاری ممکن ہوئی۔

اس حوالے سے ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ یہ ملزمان بیرون ملک ملازمت کے نام پر سوشل میڈیا پر اشتہارات لگاتے اور سادہ لوح شہریوں کو اپنے جال میں پھنسانے کے لئے واٹس ایپ پر بھی میسیجز بھیجتے تھے، ملزمان سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر رقوم بٹورتے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نے 32 متاثرین سے بیرون ملک ملازمت کے نام سے 25 لاکھ روپے بٹورے، ملزمان متاثرین کے فنگر پرنٹس لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد سے کرواتے تھے اور متاثرین سے فنگر پرنٹ، میڈیکل اور پراسیسنگ فیس کے نام پر 78ہزار 800 روپے فی کس الگ سے بٹورے، ملزمان نے مذکورہ رقوم مختلف ایزی پیسہ اکاؤنٹس میں منگوائی۔

ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان میں محمد حنیف، اکبر، محمد اختر اور محمد وسیم شامل ہیں، ایف آئی اے نے ملزمان کو مظفر گڑھ سے گرفتار کیا، ان ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔