آسٹریلیا،نیو سائوتھ ویلز میں سیلاب، سینکڑوں افراد کو بچالیا گیا

سیلاب کے پانی نے بہت کم وقت میں ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا،انتظامیہ

اتوار 7 اپریل 2024 13:20

نیوسائوتھ ویلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2024ء) آسٹریلیا کی ریاست نیو سائوتھ ویلز میں بڑے پیمانے پر سیلاب کے باعث قدرتی آفت کے اعلان کے بعد امداد کے منتظر سینکڑوں افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایمرجنسی سروسز نے بتایا کہ شدید بارش کی وجہ سے شمال مشرقی سڈنی میں تقریبا 300 گھروں کو خالی کروالیا گیا۔

وفاقی وزیر برائے ہنگامی انتظام کیتھرین کنگ نے کہا کہ سیلاب کے پانی نے بہت کم وقت میں ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔کیتھرین کنگ کا مزید کہنا تھا کہ نیو ساتھ ویلز کی حکومت نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے اور اس تباہی کے اثرات کو سمجھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ہنگامی خدمات کے ریاستی وزیر جہاد دیب نے کہا کہ ہنگامی عملے نے تقریبا 200 امداددی کارروائیاں سرانجام دیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تقریبا 5 ہزار رضاکاروں نے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے رات بھر کام کیا۔ریاستی ایمرجنسی کمشنر کارلین یارک کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے 60 کمیونٹی وارننگز برقرار ہیں۔حکام نے ایک درجن علاقوں میں صفائی ستھرائی کے اخراجات کو پورا کرنے اور ہنگامی طور پر رہائش میں مدد کے لیے ڈیزاسٹر سپورٹ شروع کیا ہے، یہ 18 ماہ میں خطے کا ساتواں سیلاب ہے۔محققین نے بارہا خبردار کیا کہ موسمیاتی تبدیلی قدرتی آفات جیسے سیلاب، جنگلوں میں آگ اور سائیکلون کے خطرے کو بڑھارہی ہیں۔