پی ٹی آئی نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب چیلنج کردیا

تحریک انصاف کے پانچ سینیٹرز نے انتخاب روکنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 اپریل 2024 12:53

پی ٹی آئی نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب چیلنج کردیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل 2024ء ) چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کو چیلنج کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی کے پانچ سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکنے کے لیے آئینی درخواست دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کے انتخاب تک چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکا جائے۔

بتایا جارہا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی اور کورکمیٹی نے چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کو غیر آئینی قرار دیا ہے اور اسی لیے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کو عدالت میں چیلنج بھی کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہاؤس آف فیڈریشن نامکمل ہے چیئرمین وڈپٹی چیئرمین کا انتخاب غیر آئینی ہے، خیبرپختونخوا کے سینیٹرز کا انتخاب کئے بغیر چیئرمین سینیٹ کا انتخاب آئینی اسکیم کے بھی خلاف ہے، چیئرمین کی غیر موجودگی میں سینیٹ غیر فعال ہے، سینیٹ سیکرٹریٹ انتظامی فیصلوں کے علاوہ کوئی فیصلہ نہیں لے سکتی، سیکرٹری سینیٹ دباؤ میں آکر ازخود آئین کی تشریح نہیں کرسکتے۔

ذرائع کور کمیٹی نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے بغیر ایوان بالاء صرف ایک ڈپارٹمنٹ کی حد تک محدود ہوگیا ہے، جمہوری دور میں پہلی بار سینیٹ غیر فعال ہوا، آئینی اسکیم کو پامال کیاگیا، سینیٹ کو غیر فعال کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف آئینی شکنی کی کارروائی ہونی چاہیئے۔ دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کیلئے متحرک ہوچکی ہے اور اس سلسلے میں دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا آغاز کردیا ہے، خصوصی کمیٹی کے ارکان شیری رحمان اور نوید قمر نے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے لیے لائحہ عمل تشکیل دیا ہے، اس حوالے سے شیری رحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں واضح حمایت حاصل ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اتحادیوں کے ہمراہ کل سینیٹ میں اپنی واضح برتری ثابت کرے گی، عوام، کارکنان کل جیالے امیدوار کے چیئرمین سینیٹ بننے کی خوشی کا جشن منائیں گے۔