فرانس کی جانب سے یوکرین میں فوجیں تعینات کرنے کے فیصلے کے نتائج تباہ کن ہونگے.روسی وزیردفاع

پیرس یوکرین کی آزادی اور خودمختاری اور یورپ میں امن اور سلامتی کے لیے کیف کی کی حمایت جاری رکھے گا.فرانسیسی وزیردفاع ‘روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو کی فرانسیسی ہم منصب سیبسٹین لیکورنو کو غیر معمولی فون کال

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 8 اپریل 2024 14:46

فرانس کی جانب سے یوکرین میں فوجیں تعینات کرنے کے فیصلے کے نتائج تباہ ..
ماسکو(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 اپریل۔2024 ) روس نے خبردارکیا ہے کہ فرانس کی جانب سے یوکرین میں فوجیں تعینات کرنے کے فیصلے کے نتائج تباہ کن ہونگے روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے اپنے فرانسیسی ہم منصب سیبسٹین لیکورنو کو ایک غیر معمولی فون کال کی اور انہیں ماسکو کے تحفظات سے آگاہ کیا ایک گھنٹہ طویل فون کال اکتوبر 2022 کے بعد دونوں ملکوں کے اعلی دفاعی عہدیدداروں کے درمیان پہلی بات چیت تھی.

(جاری ہے)

روسی وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق روسی وزیردفاع شوئیگو نے خبردار کیا کہ اگر فرانس نے یوکرین میں فوج بھیجی تو وہ اپنے لیے مسائل پیدا کرے گا فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بار بار نیٹو کو یوکرین میں فوجیں اتارنے کا مشورہ دیا ہے وزیر خارجہ سٹیفن سیجورن نے فروری میں کہا تھا کہ فرانس کسی وقت ڈی مائننگ اور دیگر غیر جنگی اہلکار بھیج سکتا ہے.

ماسکو نے کہا ہے کہ وہ یوکرین کی سرزمین پر مغربی فوجیوں اور غیر ملکی ہتھیاروں کے نظام کو جنگی اہداف کے طور پر دیکھے گا کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے گزشتہ ماہ خبردار کیا تھا کہ غیر ملکی افواج کی تعیناتی ایک بڑا اضافہ ہو گا، جس کے ناقابل تلافی نتائج ہوں گے. روسی وزرات دفاع کے ترجمان نے بھی یہ کہا کہ وزیردفاع کی فرانسیسی ہم منصب سے گفتگو میں روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات کے ممکنہ دوبارہ آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا یوکرین پر بات چیت میں ابتدائی نکات استنبول امن مذکرات پر مبنی ہوسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کی میزبانی میں مجوزہ سربراہی اجلاس روس کی شرکت کے بغیر بیکار ہوگا فرانسیسی وزارت دفاع کے مطابق فرانس کے وزیردفاع نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فرانس یوکرین کی آزادی اور خودمختاری کے لیے اس کی حمایت کررہا ہے.

فرانس کے وزیردفاع لیکورنو کے قریبی ذرائع نے اس بات کی تردید کی کہ وزیر نے ممکنہ یوکرین امن مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا ہے انہوں نے کہا کہ فرانس نے نہ تو اس امن مذکرات کی پیشکش کی ہے اور نہ ہی کوئی تجویز دی ہے یاد رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات 2022 کے موسم بہار میں ٹوٹ گئے تھے اور دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر غیر حقیقی مطالبات کرنے کا الزام لگایا تھا.