پی آئی اے کا 9 مئی سے قبل از حج فلائیٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان

قبل از حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، اسلام آباد ، پشاوراور لاہور سے پروازیں روانہ ہوں گی

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 اپریل 2024 17:18

پی آئی اے کا 9 مئی سے قبل از حج فلائیٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل 2024ء ) قومی ایئرلائن پی آئی اے نے 9 مئی سے قبل از حج فلائیٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا، پی آئی اے بعد از حج آپریشن کا آغاز 20 جون سے ہوگا اور اس کا اختتام 21 جولائی کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 9 مئی سے شروع ہوگا، اس دوران 20 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا، پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 9 مئی سے شروع ہوکر 10 جون تک جاری رہے گا، اس دوران 20 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا جب کہ قبل از حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، اسلام آباد ، پشاوراور لاہور سے پروازیں روانہ ہوں گی، جن کے ذریعے تقریباً ایک ہزار سے زائدعازمین حجازمقدس روانہ ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی خصوصی حج اور شیڈول پروازیں جدہ اور مدینہ کیلئے آپریٹ ہوں گی، پی آئی اے اپنے قبل از حج آپریشن میں بوئینگ 777 اور ائیر بس A320 ساختہ طیارے استعمال کرے گا، پی آئی اے کے حج آپریشن کے لئے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، سیالکوٹ ملتان، سے براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی جب کہ فیصل آباد سے کنکٹینگ پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ اس سال 63 ہزار 805 خوش نصیب عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ہے، حکومت کو رواں سال ریگولر حج اسکیم کے تحت 69 ہزار 438 عازمین کی درخواستیں موصول ہوئیں، قرعہ اندازی میں رہ جانے والے 5 ہزار 633 درخواست گزاروں کی روانگی کے شہروں کے لحاظ سے ویٹنگ لسٹ مرتب کرلی گئی اور متعلقہ شہروں سے حج درخواست کینسل کروانے والوں کی جگہ ویٹنگ لسٹ پر موجود افراد کو منتخب کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2024ء سے متعلق معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں، معاہدے کے تحت سپانسر شپ سکیم کے تحت بچ جانے والا کوٹہ پاکستان کی جانب سے سعود ی عرب کو واپس کردیا جائے گا، سعودی عرب کے ساتھ پاکستانی عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق ہوا، پاکستانیوں کو منٰی میں کم قیمت پر خصوصی جگہ فراہم کی جائے گی علاوہ ازیں سعودی وزیر حج نے پاکستانی عازمین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تعاون کا یقین دلایا اور رواں برس سعودی عرب نے کراچی کو بھی روٹ ٹو مکہ پروگرام میں شامل کرلیا ہے جس سے عازمین کو سہولت ہوگی۔