موبائل پولیس خدمت مرکز کا رواں ہفتے کیلئے شیڈول جاری

موبائل پولیس خدمت مرکز شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کی راہ پر گامزن ہی:ڈی آئی جی آپریشنز

پیر 8 اپریل 2024 18:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2024ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہورسید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ موبائل پولیس خدمت مرکز شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کی راہ پر گامزن ہے۔ شہریوں کو ایک ہی چھت تلے جنرل ویریفکیشن،تجدید ڈرائیونگ لائسنس سمیت 15 مختلف سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ موبائل خدمت مرکز دو شفٹوں میںصبح 8سے رات آٹھ اور رات آٹھ سے صبح8بجے تک شہریوں کو ان کی دہلیز پر پولیس سے متعلق خدمات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔

رواں ہفتے بروز پیر کو موبائل پولیس خدمت مرکز کی پہلی شفٹ نے رائیونڈ جبکہ دوسری شفٹ نے ٹھوکر نیاز بیگ پر ڈیوٹی کے فرائض انجام دیئے ۔پہلی شفٹ بروز منگل کوای ایم ای سوسائٹی ، بدھ کواڈہ پلاٹ رائیونڈ، جمعرات کو اِن سائیڈ پنجاب یونیورسٹی، جمعہ کو آبپارہ سٹاپ ، ہفتہ کونیازی اڈہ جبکہ بروزاتوار لیاقت چوک موجودہو گی۔

(جاری ہے)

دوسری شفٹ میں بروز منگل ای ایم ای سوسائٹی ، بدھ کوجی ون مارکیٹ جوہر ٹائون ، جمعرات کومون مارکیٹ، جمعہ کومسلم ٹائون موڑ،ہفتہ کو چوک یتیم خانہ جبکہ بروزاتوار چوک شاہ فریدنواں کوٹ موجود ہو گی۔

سید علی ناصر رضوی نے مزید کہا کہ موبائل سمیت دیگر پولیس خدمت مراکز سروسز کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ شہری سہولیات کے حصول کیلئے مطلوبہ دستاویزات ہمراہ لائیں۔