Live Updates

صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں اجلاس

پیر 8 اپریل 2024 19:43

صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں اجلاس منعقدہوا،جس میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پرو وائس چانسلر ایف جے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد، ایم ایس گنگارام ہسپتال، پروفیسر ڈاکٹر نوید، سی ای او پنجاب ہیلتھ ڈاکٹر علی رزاق و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسیز کی استعدادکار بڑھانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا۔وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل اور پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے اس حوالے سے انتہائی عمدہ تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں انشاء اللہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنائیں گے۔

سرکاری ہسپتالوں میں شام کے اوقات میں ڈاکٹرز کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ سینئر رجسٹرارز کی سیٹوں پر بھرتی کے عمل کا فوری آغاز کریں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ یکم مئی کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ایچ آر کی تفصیلات لینے کے بعد ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کے عمل کو شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی طرز پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں بھی ایمرجنسی میڈیسن کے شعبہ کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔

وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ تھیلیسیمیاء کی بیماری پر قابو پانے کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کو خود کفیل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں علاج سمیت دیگر سہولیات کے معیار میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات