ملک میں گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کرلیا گیا

سندھ کے شہر سجاول میں 12 لاکھ 40 ہزار اسٹینڈرڈ کیوبک میٹر گیس کا ذخیرہ ملا، او جی ڈی سی ایل

پیر 8 اپریل 2024 20:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اپریل2024ء) ملک میں گیس کا نیا ذخیرہ دریافت ہوگیا۔صوبہ سندھ میں او جی ڈی سی ایل نے کنویں کی کھدائی کے دوران گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کیا ہے، 12 لاکھ 40 ہزار اسٹینڈرڈ کیوبک میٹر گیس کا ذخیرہ سجاول میں ملا ہے، اس حوالے سے آئل اینڈ گیس کمپنی نے کہا ہے کہ دریافت سے ملک کے گیس ذخائرمیں اضافہ ہوگا، گیس دریافت کے بارے میں او جی ڈی سی ایل نے اسٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کر آگاہ کیا اور بتایا کہ گیس کا کنواں سو فیصد او جی ڈی سی ایل کی ملکیت ہے۔

ترجمان پی پی ایل نے بتایا کہ ٹیسٹنگ سے 13۔69 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ اور 236 بیرل یومیہ کے ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر کی نشاندہی ہوئی، کنویں کی مزید جانچ پڑتال کی جارہی ہے جس کے لیے ماہرین کے زیر نگرانی ڈرلنگ کا عمل جاری ہے، تاہم اس دریافت سے ہائیڈروکاربن کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور موجودہ توانائی کے بحران میں آئل اینڈ گیس سیکٹر کے فرق کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ماڑی پٹرولیم کے غازیج ٹو کنویں سے گیس کی پیداوار شروع ہوچکی ہے، حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غازیج 2 سے سوئی ناردرن کو یومیہ 8 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی جاری ہے، نئی گیس کی فراہمی سے توانائی کی طلب کو پوراکرنے میں مدد ملے گی، نئی گیس شامل ہونے سے موسم سرمامیں گیس کی طلب ورسد کا فرق کم ہوگا، نئی گیس سے زرمبادلہ کے ذخائر کی بھی بچت ہوگی۔