پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے پیش نظر عید پر پولیو کی روک تھام کے لئے خصوصی پلان تیار

پیر 8 اپریل 2024 22:35

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2024ء) پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے پیش نظر عید پر پولیو کی روک تھام کے لئے خصوصی پلان تیار کر لیا گیا، خصوصی پوائنٹس پر پولیو ٹیمیں تعینات کر دی گئیں، پنجاب بھر میں 92 سائٹس پر پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔خصوصی پوائنٹس پر 500 سے زائد پولیو ورکر ڈیوٹی انجام دیں گے۔پنجاب انسداد پولیو پروگرام سربراہ خضر افضال نے پروگرام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پولیو ویکسینیشن سائٹس سے پولیو کے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملے گی۔

پنجاب میں 8 ماحولیاتی نمونے مثبت آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس سے بچوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، تمام نمونوں میں پایا جانے والا وائرس بیرونی ہے، لاہور، ملتان، راولپنڈی کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اوکاڑہ، فیصل آباد اور راولپنڈی کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس پایا گیا ہے۔خضر افضال نے کہا کہ خصوصی پوائنٹس پر پولیو ٹیمیں 20 اپریل تک تعینات رہیں گی۔

پلان کے تحت امپوریم مال پر خصوصی پولیو پوائنٹ کا افتتاح کیا گیا۔پولیو ٹیمیں عید کی چھٹیوں پر بھی کام کریں گی، ہر بچے کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔مہمان بچوں کو خصوصی طور پر قطرے پلائے جائیں گے۔سفر کے دوران پولیو پھیلنے کا خدشہ ہے، عید پر اہم بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنز پر پولیو کاونٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ہسپتالوں، پارکوں میں بھی قطرے پلائے جائیں گے۔