پائیدار ترقی وخوشحالی کے لیے دنیا بھر میں امن کا قیام ناگزیر ہے ،ڈاکٹر جوزف ارشد

غزہ میں ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف عالمی برادری ٹھوس اقدامات اٹھائے ، آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد

پیر 8 اپریل 2024 20:20

راولپنڈی /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2024ء) مسیحی روحانی پیشوا و آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاہے کہ پائیدار ترقی وخوشحالی کے لیے دنیا بھر میں امن کا قیام ناگزیر ہے ، غزہ میں ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف عالمی برادری ٹھوس اقدامات اٹھائے ، دنیا بھر کی مسیحی برادری امن کی داعی ہے اور مختلف سطح پر اپنا کردار بطریق احسن نبھا رہی ہے ، پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مستحسن اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مسیحی برادری کے زیر اہتمام منعقدہ بین المذاہب افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب کے منتظم کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ وایکومینزم(سی سی آئی ڈی ای) ڈائیوسیس ڈائریکٹر ریورنڈفادر اعظم صدیق اور آرچ بشپ کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی بابو ساجد امین کھوکھر تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر محمد ضیا الحق نے اپنے خطاب میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسیحی برادری کے اقدامات کو سراہا اور کہاکہ وطن عزیز میں بسنے والے تمام مذاہب کے افراد باہم مل کر ملکی خوشحالی کے لیے کردار ادا کریں کیونکہ ہم سب کا مستقبل اس وطن کی سلامتی و ترقی سے وابستہ ہے ۔

اس موقع پر مختلف مذاہب کے علمائے کرام و دیگر اہم شخصیات مرکزی چیئر مین وحدت و اخوت کمیٹی سیکرٹری جنرل تحریکِ نفاذ فقہ جعفریہ علامہ بشارت حسین امامی، علامہ ا ختر عباس، فوکل پرسن ضلع امن کمیٹی بین المذاہب ہم آہنگی مولانا حافظ اقبال رضوی،چیئر مین سکھ و ہندو سوشل ویلفیئرسردار انوپ سنگھ،انور چن ،ریورنڈفادر آصف جان، ریورنڈفادر سلوسٹر جوزف،ریورنڈفادر میسم الیاس، فریاد فرانسس ،بابو فرحان کھوکھر سمیت بڑی تعداد میں مسلم و مسیحی بھائی موجود تھے ۔

اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد ضیا الحق اور ڈاکٹر جوزف ارشد نے دیگر مذاہب کے علمائے کرام کے ہمراہ امن کی شمع روشن کی ۔اس موقع پر دیگر مقررین نے پاکستان میں* بسنے والی تمام اقلیتوں کو گلدستہ قرار دیا اور کہا کہ تمام مذاہب اس گلدستے کے پھول ہیں جن کی آبیاری ہم سب نے مل کرکرنی ہے ۔آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے خطاب میں مسلم بہن بھائیوں کو عید الفطر کی پیشگی مبارکباد دی اورکہاکہ مسیحی برادری اپنے مسلم بہن بھائیوں کی خوشیوں میں مکمل شریک ہے اور دعاگو ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔