آر ڈی اے نے بحریہ ٹاؤن فیز 8 کے غیر قانونی بل بورڈز، عارضی ڈھانچے، ہورڈنگز اور گٹر کے ہول مسمار کردیئے

پیر 8 اپریل 2024 20:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر انفورسمنٹ سکواڈ آر ڈی اے نے بحریہ ٹاؤن فیز VIII کی منظور شدہ لے آؤٹ پلان کی خلاف ورزی کرتے ہوے بحریہ بزنس ڈسٹرکٹ میں گرین بیلٹس اور سڑکوں کو کمرشل پلاٹوں میں غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے اور کیپٹل سٹیٹ آئیکون مارکیٹنگ کمپنی کی طرف سے سواں ریور کے کنارے اشتہارات کی نمائش کرنے پرآر ڈی اے نے آپریشن کرتے ہوے بل بورڈز، عارضی ڈھانچے، مرینا آئی ٹی ٹاور ہورڈنگز اور گٹر کے سوراخوں کو مسمار کر دیا ہے۔

ترجمان آرڈی اے نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کی ہدایت پر غیر قانونی ڈویلپمنٹ اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف آر ڈی اے کا آپریشن زور و شور سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ہاؤسنگ سکیم کے مالکان پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم اور لینڈ سب ڈویژن رولز 2021 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے این او سی کی منظوری کے بغیر غیر قانونی ڈویلپمنٹ کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ سکواڈ آر ڈی اے بشمول اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول وانچارج انفورسمنٹ سکواڈ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ، سپرنٹنڈنٹ سکیم، سکیم انسپکٹر اور دیگر نے متعلقہ تھانہ روات کی پولیس کے تعاون سے مذکورہ ہاؤسنگ سکیم کے خلاف آپریشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ تجاوزات، غیر قانونی و غیر مجاز تعمیرات اور تجارتی سرگرمیوں کے خلاف بلا خوف و خطر سخت کارروائی جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام الناس بھی اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ہر قسم کی تجاوزات کو جتنا ہو سکے ہٹائیں تاکہ مزید نقصان سے بچ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر ڈی اے عوام الناس کو مشورہ دیتا ہے کہ وہ ایسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے آر ڈی اے سے مشورہ کریں۔