واٹر کارپوریشن میں بائیو میٹرک اور فیشل ڈیٹیکشن پر مبنی جدید ترین ٹائم اٹینڈینس مشینوں کی تنصیب کا آغاز

جس کی بدولت تمام ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایا جائے گا اور اسی تناظر میں ملازمین کی ڈیجیٹل حاضری حاصل کی جائے گی

پیر 8 اپریل 2024 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2024ء) سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے ادارے کی بہتری کے لیے ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے واٹر کارپوریشن میں بائیو میٹرک اور فیشل ڈیٹیکشن پر مبنی جدید ترین ٹائم اٹینڈینس مشینوں کی تنصیب کا آغاز کردیا، جس کی بدولت تمام ملازمین کی حاضری کو یقینی بنایا جائے گا اور اسی تناظر میں ملازمین کی ڈیجیٹل حاضری حاصل کرنے کے لیے جدید ٹائم اٹینڈینس بمع کیمرے اور مرکزی آن لائن سسٹم کی تنصیب کا عمل 70 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے، اس حوالے سے ڈائریکٹر آئی ٹی واٹر کارپوریشن عبد الغنی شیخ نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کی خصوصی ہدایت پر یہ عمل نافذ کیا گیا ہے تاکہ ملازمین کی حاضری کو مکمل یقینی بنایا جائے اور ملازمین کی مکمل بائیو ڈیٹا کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے تاکہ ان کے مسائل جلد حل ہو سکیں، انہوں نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن کے کل 40 مختلف دفاتر ہے جن میں 210 ڈویژنز موجود ہیں ان دفاتر میں 70 فیصد ڈیجیٹل حاضری کی مشینیں نصب کی گئی ہے اور ان دفاتر میں انٹرنیٹ سروس کی تنصیب کا کام بھی جاری ہے، واٹر کارپوریشن کے ٹوٹل 9350 ریگیولر ملازمین میں سے 70 فیصد ملازمین انرولمینٹ مکمل ہو چکی ہے جبکہ باقی ملازمین کی انرولمینٹ کا عمل جاری ہے جس کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے، انکا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن میں تمام دفاتروں میں ٹائم اٹینڈینس سسٹم کے ساتھ ساتھ اسٹینڈ بائی نظام کے تحت یو پی ایس اور آٹ اسٹیشن کے دفاتروں میں سولر انرجی سسٹم بھی نصب کیا جائے گا تاکہ بجلی کی عدم فراہمی یا لوڈ شیڈنگ کے دوران مذکورہ بلا حاضری کے سسٹم کو فعال رکھا جاسکے، انہوں نے بتایا کہ ملازمین کی ڈیجیٹل حاضری کا اصل مقصد سندھ حکومت کے دیگر محکموں کی طرح ملازمین کی بائیو میٹرک سسٹم کے تحت حاضری کو ممکن بنانا ہے اور اس کے مطابق ملازمین کو بروقت تنخواہیں بھی ادا کی جائیں گی اس کے علاوہ اس نظام کا مقصد گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی کرنا بھی ہے جن میں وہ ملازمین بھی شامل ہیں جو بیک وقت دو اداروں سے تنخواہیں لے رہے ہیں، واضح رہے کہ ایسے ملازمین کی نشاندھی پر ضابطہ اخلاق کے تحت ان کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی، انکا مزید کہنا تھا کہ سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کی خصوصی ہدایت پر واٹر کارپوریشن کے تمام ملازمین کی فلاح و بہبود کی بہتری کے لیے اچھے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ ملازمین کے مسائل بروقت حل ہو سکیں اور اسکے اچھے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :