پاکستانیوں کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے معاملے کو ’ فالو ’ کررہے ہیں، امریکا

پاکستان،بھارت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ کشیدگی سے گریز کریں، پاکستان اور بھارت بات چیت کے ذریعے مسائل کاحل تلاش کریں، امریکی محکمہ خارجہ

منگل 9 اپریل 2024 14:22

پاکستانیوں کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے معاملے کو ’ فالو ’ کررہے ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے معاملے پر میڈیا رپورٹس کو فالو کرتے آرہے ہیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے پریس بریفنگ کے دوران بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ اشتعال انگیز بیان اور برطانوی جریدے کی رپورٹ پر اپنے تبصرے میں کہا کہ امریکا دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مذاکرات کے ذریعے معاملات کے حل کا خواہش مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ نے جمعہ کو پاکستان کے وزیرخارجہ سے بات چیت کی، بات چیت میں مضبوط شراکت داری کا عادہ کیا جو پاکستان، امریکا کی خوشحالی کو آگے بڑھاتاہے، انسداد دہشت گردی،تجارتی وسرمایہ کاری کی شراکت داری کو وسعت دینے پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہاکہ خواتین کوبااختیار بنانے پر تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جب پاکستانی شہریوں کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ سے سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ اس معاملے پر میڈیارپورٹس کو فالو کرتے آرہے ہیں، زیر بحث الزامات پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان،بھارت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ کشیدگی سے گریز کریں، پاکستان اور بھارت بات چیت کے ذریعے مسائل کاحل تلاش کریں۔