خیبرپختونخواہ اسمبلی حلف معاملہ، پشاور ہائیکورٹ نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو نوٹس جاری کر دئیے

جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس فضل سبحان نے ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے اراکین اسمبلی کی درخواست پر سماعت کی

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 9 اپریل 2024 15:10

خیبرپختونخواہ اسمبلی  حلف معاملہ،  پشاور ہائیکورٹ نے سپیکر اور ڈپٹی ..
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 اپریل2024 ء) خیبرپختونخواہ اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی سے حلف نہ لینے کے معاملے پر پشاور ہائیکورٹ نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14روز میں جواب طلب کرلیا،پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس فضل سبحان نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین اسمبلی سے حلف لینے سے متعلق ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے اراکین اسمبلی کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت وکیل درخواست گزارنے کہاکہ درخواست گزارہ مخصوص نشست پر ممبر منتخب ہوئی ہے، الیکشن کمیشن نے درخواست گزارہ کو نوٹیفائیڈ بھی کیا ہے، عدالت نے سپیکر کو حکم دیا تھا کہ سینیٹ الیکشن سے قبل ممبران سے حلف لیا جائے، عدالتی احکامات کے بعد بھی تاحال ممبران اسمبلی سے حلف نہیں لیا گیا اب عدالت فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ سپیکر کو نوٹس جاری کرتے ہیں، جب جواب آجائے تو پھر اس کیس کو سنیں گے۔وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ درخواست کرتے ہیں یہ کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ اس نوعیت کے اور بھی بہت کیسز ہیں، عید کے بعد سب کو بھی سنیں گے۔ یاد رہے کہ 27 مارچ کو پشاور ہائی کورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے کیس میں اپوزیشن ممبران کی درخواست منظور کرتے ہوئے سپیکر کو ممبران سے حلف لینے کا حکم دے دیا تھا۔

عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہاتھا کہ سپیکر ممبران کو رول آف ممبرز پر دستخط کی اجازت دیں۔ مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کو سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جائے۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی، ن لیگ اورجے یو آئی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف لینے کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی تھی۔