1900 روپے اضافے کے بعد سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

گزشتہ روز بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں4 ہزار 900 روپے اضافہ ہوا تھا، فی تولہ سونے کی نئی قیمت 2 لاکھ 47 ہزار 600 روپے ہوگئی، دس گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار629 روپے کا اضافہ ہوا ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 9 اپریل 2024 18:15

1900 روپے اضافے کے بعد سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 اپریل 2024ء) ملک میں سونے کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت پھر بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرزایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار900 روپے بڑھنے کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 47 ہزار 600 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار629 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 12 ہزار 227 روپے ہوچکی ہے۔ یاد رہے بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 44 ڈالر اضافے کے بعد 2330 ڈالر کا ہوگئی ہے۔ دوسری جانب عالمی بنک نے سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان کے 43 دیہی اضلاع میں غذائی قلت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

عالمی بنک کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں غذائی عدم تحفظ میں اضافہ جبکہ تعلیم اور صحت کی خدمات تک فراہمی میں کمی ہوئی ہے نجی ٹی وی کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے جاری رپورٹ نے بڑھتے ہوئے سفری اخراجات کے باعث سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا . رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سفری لاگت میں اضافے سے علاج معالجے تک رسائی تاخیر کا سبب بن رہی ہے رپورٹ کے مطابق نقل وحمل کی لاگت میں اضافے سے سکول، صحت مراکز، مارکیٹ تک رسائی کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں. عالمی بینک نے پاکستان کواخراجات زندگی کے مسلسل بحران سے دو چار ملک بھی قرار دے دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان میں غذائی مہنگائی زیادہ ہے، غریب گھرانوں کا 50 فیصد بجٹ خوراک پرخرچ ہوجاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شدید غذائی عدم تحفظ 29 فیصد سے بڑھ کر 32 فیصد پرپہنچنے کا تخمینہ ہے، غذائی مہنگائی غریب اور نادر گھرانوں پر زیادہ اثر انداز ہو رہی ہے . یاد رہے کہ 2 اپریل 2024 کو عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہسین نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو سخت فیصلوں کی ضرورت ہے جس سے مستحکم گروتھ ملے گی ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کو خوش آئند قرار دیا ان کا کہنا تھا ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری کی سہولت کاری کے لیے ضروری ہے اور امید ہے اس سے سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی۔