سندھ حکومت اور محکمہ پولیس نے شہریوں کو ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے،حافظ نعیم الرحمن

ڈکیتی کی واردات میں شہید جماعت اسلامی کے رکن شیر عالم اور کارکن ذاکر عباسی کے گھروں کا دورہ ،اہل خانہ سے تعزیت

منگل 9 اپریل 2024 22:31

سندھ حکومت اور محکمہ پولیس نے شہریوں کو ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر چھوڑ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نو منتخب امیر حافظ نعیم الرحمن نے گزشتہ روز سائٹ ایریا میں ڈکیتی کی واردات میں مسلح ڈاکوئوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے جماعت اسلامی کے رکن شیر عالم اور کارکن ذاکر عباسی کے گھروں کا دورہ کیا ، شیر عالم کے صاحبزادے محمدعارب، ذاکر عباسی کے والد ابراہیم عباسی اور بھائی جے آئی یوتھ ضلع سائٹ غربی کے ڈپٹی سیکریٹری ناصر عباسی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی ۔

شیر عالم جماعت اسلامی کیماڑی کے امیر فضل احد کے چچا سسر تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مرحومین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ڈکیتی و قتل کی اس واردات کی شدید مذمت کی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے جرائم کی روک تھام ، مسلح ڈکیتیوں کو کنٹرول کرنے میں سندھ حکومت اور محکمہ پولیس کی مکمل ناکامی و نا اہلی کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ صرف رمضان المبارک میں مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں 20شہری اور رواں سال 60افراد ڈاکوئوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر اپنی زندگی گنوا چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

شہر میں ڈاکو راج قائم ہے ، سندھ حکومت اور محکمہ پولیس نے شہریوں کو ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔ صوبائی وزیر داخلہ اور اعلیٰ پولیس حکام عوام کی جان و مال کے تحفظ کے بجائے کراچی میں جرائم کی وارداتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کر نے کے بیانات دے کر کراچی کے عوام اور متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں، جرائم و ڈکیتی کی بہت سی وارداتوں میں خود پولیس والے ملوث پائے گئے ہیں ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے اور حکومت اور محکمہ پولیس میں موجود جرائم کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرے ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع غربی سائٹ عبد الرزاق خان ، امیر ضلع کیماڑی فضل احد ، جے آئی یوتھ کراچی کے صدر ہاشم یوسف ابدالی و دیگر بھی موجود تھے ۔