Live Updates

وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہے،پختون یار خان

منگل 9 اپریل 2024 22:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہے، نوازشریف کا خاندان یہ نہیں چاہتا کہ خیبر پختونخوا کے عوام خود کفیل ہوں، وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے حقوق پر بیٹھی ہے، چچا اور بھتیجی کی پالیسی ایک جیسی ہے، قائد عمران خان کے منشور کے مطابق ریاست مدینہ کی طرز پر اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں آ ڈیٹوریم ہال میں ڈپٹی کمشنر بنوں شاہ سعود خان کے ہمراہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے اعلان کردہ عید پیکج کے تحت ضلع بنوں کے 4 ہزار خاندانوں میں دس دس ہزار روپے کے امدادی چیکس تقسیم کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر پختون یار خان نے ڈپٹی کمشنر بنوں شاہ سعود کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے عوام دوست اقدامات سے خوشحالی آئے گی، ترقی کا نیا باب کھلے گا اور خیبر پختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے گا، ہماری حکومت پی ڈی ایم کی طرح جھوٹے دعوے نہیں کرتی، سب کچھ عملی طور پر کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت سے عوام خوش دکھائی دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی کاوشوں سے خیبرپختونخوا کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لائیں گے، جتنا نقصان نگران حکومت میں خیبر پختونخوا کے عوام نے اٹھایا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، خیبر پختونخوا کی حکومت عوام دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے ہماری حکومت یہ چاہتی ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن,ترقی اور خوشحالی ہو اور ہر ایک فرد خود کفیل ہو۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کی حکومت بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کرے گی کہ ہم عوام سے ہیں اور عوام ہم سے ہیں عوام نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے ان کو کبھی بھی مایوس نہیں کریں گے ہمارا مقصد عوام کو گھر کی دہلیز پر فوری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات