بیساکھی میلے کیلئے سکھ یاتری 13پریل سے واہگہ کے راستے پاکستان آئیں گے‘کمشنر لاہور

محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بیساکھی، پاک نیوزی لینڈ کرکٹ میچ اور عید انتظامات کے حوالے سے اجلاس

منگل 9 اپریل 2024 23:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بیساکھی، پاک نیوزی لینڈ کرکٹ میچ اور عید انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ ضلعی انتظامیہ و پی سی بی افسران ، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر لاہور نے کہا کہ بیساکھی میلے کیلئے سکھ 13پریل سے واہگہ کے راستے پاکستان آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ رینج و لاہور پولیس، محکمہ اوقاف، ضلعی انتظامیہ لاہور و ننکانہ سکھ یاتریوں کے لیے انتظامات حتمی کررہے ہیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ عید پر صفائی انتظامات اور سکیورٹی انتظامات کو بہترین سطح پر یقینی بنایا جائیگا۔ چاند رات اور عید اجتماعات میں سکیورٹی کیلئے پلان اور ڈیوٹی روسٹر جاری ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈی سی ز عید پر پارکس میں موجود جھولوں کو نیا این اوسی جاری کیا جائے۔

کمشنر لاہور نے پاک نیوزی لینڈ کرکٹ میچز کے حوالے سے پی سی بی افسران سے تفصیلی بریفنگ لی۔کمشنر لاہور نے کہا کہ پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ میچز قذافی سٹیڈیم نشتر کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے۔ سکیورٹی پوائنٹ آف ویو سے ہر بلائنڈ جگہ پر لائٹنگ ہوگی۔ اس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے 355 ورکرز اور اہلکار میچز کے دوران صفائی کی ذمہ داری پر تفویض ہونگے۔

120 واک تھرو گیٹس، 336سی سی ٹی وی ایکسٹرا کیمرے نصب ہونگے۔ کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ سٹیڈیم کے اندر اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور سٹینڈرڈز پر سخت چیک لگائیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ پی سی بی کنٹرول روم کے علاوہ خصوصی کنٹرول رومز بنیں گے۔ تمام محکمے شیڈول اور طریقہ کار کے مطابق پاک نیوزی لینڈ میچز کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ اجلاس میں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی سمیت پی سی بی کے انتظامی و سکیورٹی افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈی سیز و ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔