وزیر اعلٰی بلوچستان کی یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینٹ اور سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد،نیک خواہشات کا اظہار

منگل 9 اپریل 2024 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سید یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینٹ اور سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، یہاں جاری ایک تہنیتی پیغام میں وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ ایوان بالا کے لئے چئیرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا اتفاق رائے سے انتخاب جمہوری رویوں کا عکاس ہے ایوان بالا تمام اکائیوں کی یکساں پارلیمانی نمائندگی کا پروقار اور اہم فورم ہے ،پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے نو منتخب چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کی جمہوری جدوجہد کسی سے پوشیدہ نہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین قومی اتحاد و اتفاق اور مفاد عامہ پر مشتمل قانون سازی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔