آئرلینڈ فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کیلئے تیار

غزہ میں اسرائیلی بربریت سے بیزار ہیں، فوری جنگ بندی کی جائے، سائمن ہیرس

منگل 9 اپریل 2024 20:50

ڈبلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) آئرلینڈ کے نو منتخب وزیراعظم سائمن ہیرس نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے جارحانہ اور سفاکانہ اقدامات پر کڑی تنقید کی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک بیان میں آئرلینڈ کے نو منتخب وزیر اعظم سائمن ہیرس نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی سرزنش کرتے ہوئے فلسطین بارے اپنا اصولی موقف کھل کر پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کہنے دیں، غزہ میں آپ کی بربریت سے ہم بیزار ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور جنگ بندی کرکے امدادی سامان کی ترسیل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کو تیار ہیں اور جلد اعلان کریں گے۔سائمن ہیرس نے غزہ کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ عالمی برادری کو اس مسئلے پر جلد متفقہ اور جامع لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے۔