بھارت میں کیرالہ کے علاوہ دیگر ریاستوں میں عیدالفطر 11اپریل کو ہوگی

منگل 9 اپریل 2024 20:50

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سمیت اکثر ریاستوں میں شوال کا چاند نظر نہیں جس کے باعث عیدالفطر 11 اپریل کو ہوگی ،ریاست کیرالہ میں چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کے باعث عیدالفطر (آج) بدھ کو منائی جائیگی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی جامع مسجد اور فتح پوری مسجد کے اماموں نے شوال کا چاند نظر نہ آنے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر 11اپریل 2024ء کو منائی جائے گی۔

ریاست کرناٹکا میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور بنگلور میں ریاست کرناٹکا کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے مولانا مقصود عمران نے آگاہ کیا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بعد نماز مغرب امیر شریعت مولانا صغیر احمد خان کی سربراہی میں ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریاست کرناٹکا کے مختلف علاقوں اور دیگر قریبی ریاستوں کے بڑے شہروں لکھنئو، دہلی، پھلواری شریف، آسام اور کولکتہ میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔

کرناٹکا کی رویت ہلال کمیٹی نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ یکم شوال 11اپریل 2024 کو ہوگا اور 10اپریل کو 30واں رمضان المبارک ہوگا۔حیدرآباد میں صدر مجلس علمائے دکن کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ عیدالفطر جمعرات کو ہوگی اور (آج) بدھ کو آخری روزہ ہوگا۔ریاست کیرالہ کی ہلال کمیٹی کے چیئرمین محمد مدنی نے اعلان کیا کہ ریاست کے شہر پونانی میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے لہٰذا (آج)10 اپریل کو عیدالفطر منائی جائے گی۔وسری جانب متنازع علاقے کارگل کی مقامی کمیٹی نے اعلان کیا کہ چاندنظر آگیا ہے اور عیدالفطر 10اپریل کو عید منائی جائے گی۔