پاکستان ، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا اور ملائیشیا میں بدھ کو عیدالفطر منائی گئی، بنگلہ دیش اور بھارت میں عید الفطر (آج) جمعرات کو ہوگی

جمعرات 11 اپریل 2024 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2024ء) پاکستان اور سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا اور ملائیشیا میں بدھ کو عیدالفطر منائی گئی، بنگلہ دیش اور بھارت میں عید الفطر (آج) جمعرات11 اپریل کو منائی جائے گی۔ سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں ماہ شوال المکرم کا چاند پیر کو دکھائی نہیں دیا جس کے بعد سعودی حکام نے اعلان کیا تھا کہ عید الفطر بدھ کو منائی جائے گی۔

منگل کو پاکستان کی رویت ہلال کمیٹی نے ملک میں شوال کے چاند کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد ملک بھر میں عید الفطر 10 اپریل کو منانے کا اعلان کیا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پاکستان کے اکثر مقامات پر مطلع صاف رہا، مختلف مقامات سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن میں کراچی، دیر، فیصل آباد، سکردو اور دیگر علاقہ جات شامل ہیں جہاں چاند نظر آ گیا ہے۔

(جاری ہے)

لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم شوال 10 اپریل کو ہوگی۔عمومی طور پر پاکستان سمیت متعدد ایشیائی ممالک سعودی عرب سے اگلے دن عید مناتے ہیں، چاند کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد پاکستان میں بدھ کوعیدالفطر منائی گئی۔اس کے علاوہ امریکا، کینڈا اور برطانیہ سمیت یورپ میں بھی تمام مکاتب فکر 10 اپریل کو عید منا رہے ہی جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستان کے ساتھ عید منائی گئی۔