تحریک انصاف کے نام سے جماعت ختم ہوچکی ہے. عظمی بخاری

معلوم نہیں کے پی کے میں کسی کو رمضان پیکج ملا یا نہیں صرف سوشل میڈیا پر منجن بیچا گیا. وزیراطلاعات پنجاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 12 اپریل 2024 15:30

تحریک انصاف کے نام سے جماعت ختم ہوچکی ہے. عظمی بخاری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 اپریل۔2024 ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے نام سے جماعت ختم ہوچکی ہے جو جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ نہیں اس کو مخصوص نشست مل ہی نہیں سکتی جس جماعت کا چیئرمین اور انتخابی نشان نہیں اس کو مخصوص نشست مل ہی نہیں سکتی. ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں خیبر پختونخوا میں کسی کو رمضان پیکج ملا یا نہیں صرف سوشل میڈیا پر منجن بیچا گیا انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن آپ لوگوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہیں ہوئے.

(جاری ہے)

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ایک ہی دن سینیٹ الیکشن کروانے کی تیاریاں کی تھیں پشاور ہائیکورٹ نے بھی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف لینے کا حکم دیا مگر اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی قاسم سوری پارٹ ٹو بن گئے. صوبائی وزیرنے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے پہلے رمضان پیکج پر خود اپنی تصویریں شائع کروائیں، اب خود ہی اس پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں ڈرامے بازیاں پی ٹی آئی پر ختم ہیں.