بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق، شدید بارشوں کی پیشگوئی

جمعہ 12 اپریل 2024 19:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث 2 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، محکمہ موسمیات نے صوبے میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کے علاوہ پشین، مسلم باغ اور زیارت سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، اور جھل مگسی میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور قلات میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی، علاوہ ازیں تربت، ہرنائی، نصیر آباد، جعفرآباد، چاغی، پنجگور، گوادر اور کیچ میں بھی بارش کا امکان ہے۔کوئٹہ میں شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے، مٹی کے طوفان نے قلات میں بھی تباہی مچا دی، جس سے علاقے میں حدِ نگاہ بھی متاثر رہی۔

(جاری ہے)

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) کے ڈائریکٹر جنرل جہانزیب خان کی جانب سے شیئر کی گئی اپ ڈیٹ میں بتایا گیا کہ ضلع سوراب میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا جبکہ چمن، چاغی، نوشکی، سوراب، خضدار، کوئٹہ اور گردونواح میں بارش ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے اپنے ضلعی سطح کے ہم منصبوں اور دیگر متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ایک بیان میں کہا کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی صوبے میں بارشوں کی پیش گوئی کردی تھی، مغربی ہوائیں 14 اپریل اتوار تک بیشتر اضلاع میں بارش کا سبب بنیں گی۔اس کے نتیجے میں جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، حب، کیچ، پنجگور، تربت، آواران، قلات، سوراب، چاغی، نوشکی، مستونگ، کوئٹہ، چمن، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، بارکھان، دکی، لورالائی، ہرنائی، ڑوب، شیرانی، سبی اور موسیٰ خیل کے اضلاع میں بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور بجلی کے آلات سے دور رہیں، چھوٹے بچوں، بوڑھوں اور معذوروں کا خاص خیال رکھیں اور موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ گہرے پانیوں اور ڈیموں کے قریب جانے سے گریز کریں، گاڑیاں چلانے والے شہری بارش کے دوران محفوظ جگہ پر پناہ لیں یا سست رفتاری سے گاڑی چلائیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مویشیوں کے لیے حفاظتی انتظامات کیے جائیں، نالوں کو صاف رکھا جائے، کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات کی صورت میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے دفتر، ڈسٹرکٹ لیویز کنٹرول روم یا پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے۔