وفاقی پولیس کے عیدالفطر کے موقع پرسکیورٹی کے فول پروف انتظامات

جمعہ 12 اپریل 2024 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) وفاقی پولیس نے عیدالفطر کے موقع پرسکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز نے موثر سکیورٹی انتظامات پر افسران و اہلکاروں کی کاکردگی کی تعریف کی ہے، شہر بھر میں 2500 سے زائد افسران واہلکارسکیورٹی کے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل رہے، موثر پولیسنگ اور سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے شہر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

پولیس ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق عید الفطر کے موقع پر وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے جامع سکیورٹی اور ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا تھا جس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز حسن رضا خان نے اسلام آباد پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موثر پولیسنگ اور سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے شہر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز سید شہزاد ندیم بخاری نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مجموعی طور پر جامع سکیو رٹی انتظامات اور موثر گشت کے اقدامات کی نگرانی کی جبکہ ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی ٹریفک اور تمام سینئر افسران اپنے ماتحت افسران کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہے۔اس موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی کے موثر انتظامات اور ٹریفک کی روانی کی بہتر بنانے کے لئے 2500سے زائد افسران واہلکاروں نے اپنے فرائض منصبی سر انجام دیئے۔

پولیس اہلکاروں نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی نگرانی کی جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مختلف علاقوں میں چیکنگ بھی کی۔لیک ویو پارک، چتھر پارک، دامن کوہ، پیر سوہاوہ اور فاطمہ جناح پارک سمیت مختلف پارکوں میں بھی اضافی نفری تعینات کی گئی جبکہ سڑکوں پر ون ویلنگ، تیز رفتاری اور ٹریفک جام پر قابو پانے کے لیے ٹریفک پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے تھے۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز نے امید ظاہر کی کہ اسلام پولیس مستقبل میں بھی اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے موثر انتظامات کے تسلسل کو یقینی بنائے گی۔