بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے کے 2 واقعات میں متعدد افراد جاں بحق

جمعہ کے روز سوارب اور پشین کے علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے

جمعہ 12 اپریل 2024 21:00

بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے کے 2 واقعات میں متعدد افراد جاں بحق
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) بلوچستان کے ضلع پشین آسمانی بجلی گرنے کا دوسرا واقعہ پیش آیاجس کے نتیجے میں ایک اور شخص جاں بحق ہو گیا ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی، اس سے قبل سوراب میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ایک بیان میں کہا کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی صوبے میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی تھی، مغربی ہوائیں 14 اپریل (اتوار) تک بیشتر اضلاع میں بارش کا سبب بنیں گی۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، حب، کیچ، پنجگور، تربت، آواران، قلات، سوراب، چاغی، نوشکی، مستونگ، کوئٹہ، چمن، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، بارکھان، دکی، لورالائی، ہرنائی، ژوب، شیرانی، سبی اور موسیٰ خیل کے اضلاع میں بارش متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے عوام پر زور دیا گیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور بجلی کے آلات سے دور رہیں، چھوٹے بچوں، بوڑھوں اور معذوروں کا خاص خیال رکھیں اور موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔