اٹک اور گردونواح میں عید الفطر مذہبی عقیدت اور جوش و خروش سے منائی گئی

جمعہ 12 اپریل 2024 21:10

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) ضلع اٹک میں ایک ہزار سے زا ئد مسا جد اور48 کھلے مقامات پر عید کی نماز کے اجتماعات میں فرزندان اسلام نے عید الفطر کی نماز ادا کی اٹک اور گردونواح میں عید الفطر مذہبی عقیدت اور جوش و خروش سے منائی گئی۔ اٹک شہر سمیت دو دراز دیہات میں بھی بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے ۔اجتماعات میں کشمیر، فلسطین، برما، افغانستان، شام، بھارت اور دیگر ممالک کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کرائی گئیں اور اسرائیلی بربریت اور جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔

عیدالفطر کے اجتماعات کے موقع پرسخت سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے ، مرزا، شکردرہ، سنجوال، کامرہ، حضرو، شاہڈھیر اور ضلع بھر کی چھ تحصیلوں سمیت دور دراز دیہات میں بھی عوام نے مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید ادا کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علمائے اکرام نے عید الفطر کافلسفہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے لئے عید الفطر ایک تحفہ ہے جو رمضان کی بابرکت گھڑیاں گزارنے کے بعد مسلمانوں کو عطا کیا گیا ہے۔

امت میں وحدت، یکجہتی اور بھائی چارے کا درس دیا جبکہ اسرائیل کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے مظلوم فلسطینو ں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ علماء نے کہا کہ قرآن و سنت کا دامن تھامنا چاہیے اور توبہ و استغفار کر کے روٹھے رب کو منانا چاہیے ،ضلع اٹک کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ اٹک شہر میں منعقد ہوا ، مفتی مسعود احمد نے نماز عید پڑھا ئی ، گورنمنٹ پائلٹ سکول میں علامہ غلام محمد صدیقی، جامع مسجد لوہاراں میں مولانا شیر زمان، اٹک کینٹ میں مولانا رفاقت علی حقانی نے عید پڑھائی۔