بارشوں کا طاقتور سسٹم ملک میں داخل ہو گیا

آئندہ چند روز کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں بارشوں کا امکان

muhammad ali محمد علی جمعہ 12 اپریل 2024 22:50

بارشوں کا طاقتور سسٹم ملک میں داخل ہو گیا
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اپریل2024ء) بارشوں کا طاقتور سسٹم ملک میں داخل ہو گیا، آئندہ چند روز کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں بارشوں کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق مغربی ہواوں کا طاقتور سسٹم بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہو گیا ہے۔ اس سسٹم کی بدولت 30سے 40 کلومیٹر فی گھنٹا رفتار کی ہوائیں پاک افغان سرحدی علاقوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شمال مشرقی بلوچستان میں غیرمعمولی مغربی سسٹم اثر انداز ہونا شروع ہوگیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق غیر معمولی موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔ بلوچستان میں مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہونے کے بعد بارشوں کا یہ سلسلہ 14 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ وادی کوئٹہ اور گردونواح میں ہلکی بارش شروع ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواوں کے زیر اثر 13 اور 14 اپریل کو جامشورو، دادو، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ سکھر، جیکب آباد کمشمور گھوٹکی، میرپورخاص مٹیاری عمر کوٹ، میں بارش کا امکان ہے،کراچی، حیدرآباد،سانگھڑ بدین سجاول ٹنڈو اللہیارمیں گرج چمک کیساتھ درمیانی شدت کی اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں موسم آج گرم اور مرطوب رہیگا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے اور  ہفتہ اتوار ہلکی و تیز بارش کا امکان ہے۔ مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں مسلسل اثر انداز ہورہاہے آج سے ملک کے مغربی جنوبی علاقوں میں داخل ہوجائیگا۔محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ دن بھر میں درجہ حرارت کم سے کم 25 ڈگری زیادہ سے زیادہ 34 سے36 ڈگری رہیگا،ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب کے جاری الرٹ کے مطابق 10 سے 15 اپریل کے درمیان وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی۔ 10 سے 12 اپریل مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال میں بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان میں بھی 12 اپریل سے بارشیں ہوں گی جب کہ اسی دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔