سڈنی شاپنگ سینٹر میں چاقو سے حملہ، 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی

واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں، ابھی تک ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی، پولیس

ہفتہ 13 اپریل 2024 16:00

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2024ء) آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے شاپنگ سینٹر میں چاقو سے ہونے والے حملے میں 5 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہو گئے، واقعہ کے بعد پولیس کی فائرنگ سے ملزم بھی ماراگیا ۔قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیو ساتھ ویلز کے پولیس اسسٹنٹ کمشنر انتھونی کوک نے بتایا کہ ملزم کو شاپنگ سینٹر میں جائے وقوع پر ایک خاتون پولیس افسر نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کیا، ابھی تک ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق شام 4 بچے ملی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے اکیلے ہی لوگوں پر چاقو سے حملہ کیا، جوابی کارروائی سے ملزم ہلاک ہوگیا ہے، اب شاپنگ سینٹر میں کوئی خطرہ نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب بھی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آور کے مقاصد کا تعین کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں 8 ماہ کے بچے اور اس کی ماں سمیت 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، کئی لوگوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 5 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر مال کے اندر سے ریکارڈ ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آور شارٹس اور اسپورٹس جرسی پہنے ہوئے ہے اور اس کے ہاتھ میں چاقو ہے۔واقعہ کے وقت شاپنگ سینٹر میں خریداروں کا رش تھا، مقامی میڈیا نے بتایا کہ واقعے کے بعد سینکڑوں لوگوں کو شاپنگ سینٹر سے نکال لیا گیا ہے، سوشل میڈیا ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ واقعے کے بعد شاپنگ مال اور اطراف میں بھگدڑ مچ گئی۔