Live Updates

پشین جلسے میں مولانا فضل الرحمان کیخلاف نعرے بازی بلی تھیلے سے باہر آگئی

اپوزیشن کو شیرافضل مروت جیسوں کو پٹا ڈالنا ہوگا، پی ٹی آئی کو اقتدار سے نکالا، منہ کو لگام نہ دی تو اپوزیشن کرنے کیلئے بھی نہیں چھوڑیں گے، ترجمان جےیوآئی کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 14 اپریل 2024 00:01

پشین جلسے میں مولانا فضل الرحمان کیخلاف نعرے بازی بلی تھیلے سے باہر ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 اپریل 2024ء) ترجمان جےیوآئی اسلم غوری نے کہا ہے کہ پشین جلسے میں مولانا فضل الرحمان کیخلاف نعرے بازی بلی تھیلے سے باہر آگئی، اپوزیشن کو شیرافضل مروت جیسوں کو پٹا ڈالنا ہوگا، پی ٹی آئی کو اقتدار سے نکالا، منہ کو لگام نہ دی تو اپوزیشن کرنے کیلئے بھی نہیں چھوڑیں گے۔ ایکس پر اپنے ردعمل میں ترجمان جےیوآئی نے کہا کہ پشین میں اپوزیشن جماعتوں کے جلسے میں جے یوآئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف نعرے قابل مذمت ہیں، پشین جلسے سے پی ٹی آئی کی بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے ۔

ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ منہ میں رام رام اور بغل میں چھری عوام کے سامنے  آ گئی۔ اپوزیشن کو شیرافضل مروت جیسوں کو پٹا ڈالنا ہوگا، محمود خان اچکزئی نے کہا تھا جلسے میں کسی کو گالی نہیں دیں گے، لگتا ہے ان کی سیاست صرف سیاسی قائدین کو شیر افضل جیسے لوگوں سے گالیاں دلوانا ہے، شیر افضل جیسے لوگ پی ٹی آئی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان جےیوآئی نے کہا کہ ناکام جلسے کو شاید ایسے نعرے لگوا کر میڈیا اور عوام کی توجہ کا مرکز بنایا جارہا ہے، پی ٹی آئی کو اقتدار سے نکالا، منہ کو لگام نہ دیا تو اپوزیشن کرنے کے جوگے بھی نہیں چھوڑیں گے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء علی محمد خان نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کورکمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ عید کے بعد پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج تحریک شروع کی جائے گی، عمران خان اور دیگر قیدیوں کی رہائی کیلئے کوششیں تیز کی جائیں گی، مینڈیٹ کی واپسی کے ایجنڈے پر جو بھی جماعت ساتھ آئے گی ویلکم کہیں گے۔

جے یوآئی ف کے ساتھ دو تین ملاقاتیں ہوئی ہیں، وہ دھاندلی کی شکایت کرتے ہیں ان کا نقطہ خیبرپختونخواہ کی حد تک ہے، جن سیٹوں پر جے یوآئی کے تحفظات ہیں ان سیٹوں پر پی ٹی آئی جیتی ہے، پھر بھی ہم جے یوآئی سے ہاتھ ملانا چاہتے ہیں ایک سوال ہے کہ جس طرح ہمارے لوگوں کو اٹھایا گیا، میں نہیں سمجھتا کہ ہم ایک پولنگ اسٹیشن بھی مینج کرسکتے تھے۔ دھاندلی کے ایشو پر ہمارے درمیان بات چیت ہوسکتی ہے، ایک طرف مولانا دھاندلی کی شکایت کررہے جبکہ دوسری طرف سینیٹ الیکشن میں ان کے ممبر مولانا غفور حیدری حکومت بنچز پر پر بیٹھے ہوئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات