فریقین تحمل سے کام لیں اور کشیدگی کم کرنے کی طرف بڑھیں، دفتر خارجہ

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بین الاقوامی امن وسلامتی قائم رکھنے میں ناکام ہوئی، آج کی صورتحال سفارتکاری کے رکنے کے نتائج کا مظہرہے۔ پاکستان کا مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر ردعمل

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 اپریل 2024 12:12

فریقین تحمل سے کام لیں اور کشیدگی کم کرنے کی طرف بڑھیں، دفتر خارجہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اپریل 2024ء ) پاکستان کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر ردعمل سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی صورتِ حال پر گہری تشویش ہے، پاکستان صورتِ حال کا تشویش کے ساتھ جائزہ لے رہا ہے، پاکستان نے کئی مہینوں سے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تھا، آج کی صورتحال سفارتکاری کے رکنے کے نتائج کا مظہر ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کہا تھا خطے میں دشمنی کو روکا اور غزہ میں سیز فائر کیا جائے، تازہ واقعات سفارت کاری کی ناکامی کا اظہار ہیں، یہ واقعات سنگین اثرات رکھتے ہیں، یہاں بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بین الاقوامی امن وسلامتی قائم رکھنے میں ناکام ہوئی، اب صورتِ حال مستحکم کرنے اور امن کی بحالی کی اشد ضرورت ہے، تمام فریقین تحمل سے کام لیں اور کشیدگی کم کرنے کی طرف بڑھیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح سعودی عرب کی جانب سے بھی خطے میں کشیدگی بڑھنے اور اس کے اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، اس ضمن میں سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام فریقین انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں، سلامتی کونسل عالمی امن و سلامتی برقرار رکھنے میں ذمہ داری پوری کرے، خطے میں عالمی امن اور سلامتی کا معاملہ انتہائی حساس ہے، بحران پھیلتا ہے تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔