سرحدی تنازعات کے خاتمے کےلیے مختلف اقوام کے مابین گرینڈ جرگوں کا انعقاد کیا جائے گا، کمشنر پشاور ڈویژن

اتوار 14 اپریل 2024 14:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی آمین گنڈا پور نے پشاور ڈویژن میں سرحدی تنازعات کے خاتمے کے حوالے سے اہم ٹاسک سونپا ہے جس کےلیے مختلف اقوام کے مابین گرینڈ جرگوں کا انعقاد کیا جائے گا اور پختون روایات کے مطابق تمام فریقین کی باہمی رضامندی سے سرحدی تنازعات ختم کر کے مختلف اقوام کے مابین کشیدگی کو کم کیا جائے گا تاکہ عوام سکون اور اطمینان سے زندگی گزار سکے، عرصہ دراز سے چلنے والے انہیں تنازعات کی وجہ سے مختلف اقوام کے مابین نفرتیں پروان چڑھ رہی ہیں جو کہ بعض اوقات جنگ وجدل میں تبدیل ہو کر معاشرتی مسائل کی وجہ بن رہی ہیں، 34 سال سے التوا کا شکار ریگی للمہ ماڈل ٹاؤن تنازعہ ایک سخت چیلنج سے کم نہیں تاہم حکومت کا مسمم ارادہ ہے کہ یہ تنازعہ خوش اسلوبی کے ساتھ حل ہو. ان خیالات کا اظہار کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کوکی خیل قبیلے کے نمائندہ وفد سے عرصہ دراز سے التوا کا شکار ریگی ماڈل ٹاؤن تنازعہ کے حل کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے اور ذمہ داری کے ساتھ ساتھ ذاتی طور پر ان کی بھرپور کوشش ہوگی کہ یہ تنازعہ پختون روایات کے تحت بذریعہ جرگہ حل ہوسکے۔ کوکی خیل قبیلے کے نمائندہ وفد نے کمشنر پشاور ڈویژن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے اور ان کی جانب سے کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی جائے گی۔