ریسکیو 1122 نے عید کی تعطیلات کے دوران 27254 ایمرجنسیز کو رسپانس کیا ، ڈاکٹر رضوان نصیر

اتوار 14 اپریل 2024 15:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران پنجاب میں ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان حادثات میں 43 قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ روڈ ٹریفک حادثات کو کم کرنے کیلئے لوگوں اور اپنے پیاروں کو اگاہ کریں کہ وہ موٹر بائیک کی اسپیڈ کم رکھتے ہوئے، حفاظتی اقدامات کیساتھ موٹر سائیکل انتہائی بائیں لین میں چلائیں اور حادثات کم کرنے میں ایمرجنسی سروس کیساتھ تعاون کریں۔

انہوں نے ریسکیورز کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی عید کی چھٹیاں قربان کر کے صوبے بھر میں ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے خدمات سر انجام دیں۔

(جاری ہے)

ریسکیورز نے عید کی تعطیلات کے دوران اپنی ڈیوٹی کے لیے انتہائی عزم اور لگن کا مظاہرہ کیا اور جانیں بچانے اور ایمرجنسی متاثرین کو بروقت امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی ایمبولینس، ریسکیو اینڈ فائر سروسز، موٹر بائیک ریسکیو سروس نے عید کی چار چھٹیوں کے دوران پنجاب کے تمام اضلاع میں 27,254 ایمرجنسیز پر سروسز فرہم کیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں منعقدہ تمام ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی مانیٹرنگ سیل کے سربراہ نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دی کہ پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں تمام ہنگامی صورتحال پر فوری ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے عید کی تعطیلات کے دوران ریسکیورز کو اسٹریٹجک مقامات پر تعینات کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 نے عید کی تعطیلات کے دوران پنجاب میں ایمرجنسی پر رسپانڈ کیا جن میں سے 7636 روڈ ٹریفک حادثات میں 43 اموات، 16398 میڈیکل ایمرجنسیز میں 543 اموات، 693 جرائم کے واقعات، 505 فائر ایمرجنسی، 527 ڈیلیوری ایمرجنسیز، 111 جانوروں کو ریسکیو کرنے اور 1481دیگر متفرق ہنگامی حالات کے آپریشن بھی کیے گئے۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بتایا گیا کہ لاہور میں سب سے زیادہ 3149 ایمرجنسیز سامنے آئیں، اس کے بعد فیصل آباد میں 1674 ایمرجنسیز، ملتان میں 1342 ایمرجنسیز، گوجرانوالہ میں 1264 ایمرجنسیز اور بہاولپور میں 1223 ایمرجنسیز اور سب سے کم 68 ایمرجینسیز چکوال میں رپورٹ ہوئیں ۔ ایمرجنسی اعداو شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد، ڈاکٹر رضوان نے موٹر سائیکل سواروں سے درخواست کی کہ وہ روڈ سیفٹی کے اقدامات اپنائیں اور اپنی رفتار کی حد کو 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں ٹریفک قوانین کی پیروی کرنی چاہیے اور ہمیشہ موٹر سائیکل انتہائی بائیں لین میں گاڑی چلانی چاہیے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو کبھی بھی موٹر سائیکل یا کار چلانے کی اجازت نہ دیں۔ ڈاکٹر رضوان نے مزید زور دیا کہ سیفٹی کو فروغ دینے اور ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے رویوں میں تبدیلی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں لوگوں کی جانیں بچانے اور سیفٹی کو فروغ دینے میں ہمارا ساتھ دیں۔