بڈھ بیر پولیس کی کارروائی، بنوں کے صراف سے لاکھوں روپے چھیننے کی واردات میں ملوث سرغنہ گرفتار، 20 لاکھ روپے برآمد

اتوار 14 اپریل 2024 16:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) پشاور کے تھانہ بڈھ بیر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بنوں کے صراف سے لاکھوں روپے چھیننے کی واردات میں ملوث سرغنہ گرفتار کرکے ان سے چھینے گئے 20 لاکھ روپے، اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ پشاور پولیس کے مطابق ایس پی صدر ڈویژن پشاور محمد زمان خان کی سربراہی میں ڈی ایس پی بڈھ بیر سکندر شاہ خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر افتخار احمد نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ بنوں کے صراف سے اسلحہ کی نوک پر لاکھوں روپے چھیننے میں ملوث سرغنہ کا سراغ لگا کر بےنقاب کر دیا، ملزم کا تعلق راہزن گروہ سے ہے جوکہ نواحی علاقہ بڈھ بیر بالو خیل کا رہائشی ہے، جو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گزشتہ ماہ بنوں کے صراف سے اسلحہ کی نوک پر لاکھوں روپے چھین کر فرار ہوگئے تھے، ملزمان زیادہ تر کاروباری شخصیات اور صراف وغیرہ کو ٹارگٹ کرتے تھے. ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر افتخار احمد نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران سراغ لگا کر سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران صراف لوٹنے سمیت راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا،ملزم کی نشاندھی پر اس کے قبضے سے صراف سے چھینی گئی رقم 20 لاکھ روپے سمیت وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ پستول اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلیا گیا ہے. ملزم نے دوران تفتیش گروہ میں شامل دیگر ملزمان کی بھی نشاہدہی کی ہے، جس کی گرفتاری کی خاطر ڈی ایس پی بڈھ بیر سرکل سکندر شاہ خان کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔