وزیراعلی خیبر پختونخوا کا صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات پرافسوس کا اظہار

اتوار 14 اپریل 2024 16:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے چترال، دیر، سوات اور ایبٹ آباد سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی ہاؤس پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلی نے بارشوں سے مختلف حادثات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان حادثات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعلی نے محکمہ ریلیف سے صوبے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ طلب کی۔وزیراعلی نے متاثرہ خاندانوں کے لئے مالی معاونت کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، صوبائی حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔وزیر اعلی نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سیلائیڈنگ کی وجہ سے بند سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی بحالی کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں، ضلعی انتظامیہ کے حکام بحالی اور امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں۔