کوٹ لکھپت جیل میں بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ پر حملہ کرنے والاعامر تانبا قاتلانہ حملے میں زخمی

عامر تانبا پر اسلامپورہ کے علاقے میں حملہ کیا گیا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شوٹرز کی تلاش شروع کر دی

اتوار 14 اپریل 2024 16:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) کوٹ لکھپت جیل میں بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ پر حملہ کرنے والاعامر تانبا قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہو گیا ،موٹر سائیکل سواروں نے عامر تانبا پر اسلامپورہ کے علاقے میں حملہ کیا ، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شوٹرز کی تلاش شروع کر دی ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر تانبا کچھ عرصہ قبل کوٹ لکھپت جیل سے رہاہوا تھا اور گزشتہ روز دو موٹر سائیکل سواروں نے اسلامپورہ میں اس پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا ۔

ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق دو شوٹر موٹرسائیکل پر آئے ایک موٹر سائیکل پر بیٹھا رہا جبکہ ایک نے گھر کے اندر داخل ہوکر عامر تانبا کو نشانہ بنایا ۔ عامر تانبا اور مدثر نامی قیدیوں نے 2013میں کوٹ لکھپت جیل میں قید کے دوران بھارتی جاسوس سر بجیت سنگھ پر حملہ کیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہو گیا تھا اور بعد ازاں ہسپتال میں زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔ پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر شوٹرز کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔