سپیکر و ڈپٹی سپیکر کی پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری کو بیساکھی کے تہوار پر مبارکباد

اتوار 14 اپریل 2024 19:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفی شاہ نے پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری کو بیساکھی کے تہوار پر مبارکباد دی ہے۔اتوار کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بیساکھی کے رنگا رنگ تہوار کے موقع پر سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیسی مہینہ بیساکھ بہار کے موسم کی علامت ہے اور بیساکھی پیار ،محبت اور خوشیاں بانٹنے کا صدیوں پر محیط خوبصورت تہوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے عوام مختلف عقائد اور ثقافتوں پر مشتمل ایک خوبصورت گلدستہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیساکھی کے رنگ اس خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ملک میں بسنے والے تمام مذاہبِ کے ماننے والے کو ان کے مذہب اور عقیدے کے مطابق رسومات کو منانے کی مکمل آزادی دیتا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری کو بیساکھی کی مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ بیساکھی کا تہوار سب کو پیار، محبت اور امن کا پیغام دیتا ہے۔انہوں نے بیساکھی کے خوبصورت تہوار کے موقع پر امن، آشتی، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔