م*آئندہ بجٹ میں برآمدات کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے ‘ اعجاز الرحمان

ڈیوٹیز ،فریٹ چارجز میں کمی ،نئی عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے اقدامات کئے جائیں‘ چیئر پرسن سی ٹی آئی

اتوار 14 اپریل 2024 19:10

9 لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اپریل2024ء) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں برآمدات کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے ، مختلف ڈیوٹیز اور فریٹ چارجز میں کمی کے ساتھ ساتھ نئی عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے اقدامات کئے جائیں، ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں کی صنعت دنیا میں پاکستان کی منفرد پہچان ہے اس لئے حکومت سخت مشکلات سے دوچار اس صنعت کی مکمل سرپرستی کرے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہحکومت ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ ہنر مندوں کو مختلف اسکیموں کے ذریعے مالی معاونت دے کر اربنائزیشن کو روک سکتی ہے ۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ اداروں سے اپیل ہے کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ جوائنٹ ونچر کر کے مختلف منصوبے بنائیں جس سے نہ صرف دنیا میں پاکستان کی پہچان سمجھے جانے والی اس صنعت کو بچایا جا سکے گابلکہ اس کے ذریعے لاکھوں افراد کو ان کے گھروں کی دہلیز پر روزگار مہیا کیا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس تشویش کا اظہار کیا کہ ہمارا روایتی حریف ملک پاکستان کی پہچان سمجھے جانے والی اس صنعت کو نقصان پہنچانے کی حکمت عملی کے تحت اپنے مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو غیر معمولی ریلیف اور مراعات دے رہا ہے ۔ حکومت سے اپیل ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مختلف ڈیوٹیزاور فریٹ چارجز میں کمی سمیت اسٹیٹ بینک سے متعلقہ شکایات دور کی جائیں ۔