ؒوزیر اعلی خیبر پختونخوا کا حالیہ بارشوں کے دوراں مختلف حادثات میں ہونے والی جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار

اتوار 14 اپریل 2024 20:35

) پشاور(آن لائن)وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے حالیہ بارشوں کے دوراں مختلف حادثات کے نتیجے میں چترال، دیر، سوات اور ایبٹ آباد سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں ہونے والی جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کا اعلان کیا ہے اور متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔

یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے ان حادثات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم جبکہ سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ ریلیف سے صوبے میں ہونے والی جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔

وزیر اعلی نے ان حادثات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیر اعلی نے انتظامیہ کو مزید ہدایت کی ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سیلائیڈنگ کی وجہ سے بند سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور ضلعی انتظامیہ کے حکام بحالی اور امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں۔