گورنر سندھ کی سٹریٹ کرائم کا شکار ہونیوالے تراب زاہدی کی رہائش گاہ آمد،والد سے اظہار تعزیت

قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی ،مرحوم کے بچوں کے تعلیمی اخراجات ،فلیٹ کا کرایہ ذاتی حیثیت میں ادا کرنے کا اعلان

اتوار 14 اپریل 2024 21:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اسٹریٹ کرائم کا شکار ہونے والے تراب زاہدی کی رہائش گاہ پہنچے اور تراب کے والد نثار زاہدی سے اس افسوسناک واقعہ پر اظہار تعزیت کیا،گورنر سندھ نے کہا کہ اس انتہائی افسوسناک واقعہ پر دکھ کے اظہار کے لئے ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں، گورنر سندھ نے تراب زاہدی کے والد کو قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی اور مرحوم تراب کے بچوں کے تعلیمی اخراجات اور فلیٹ کا کرایہ ذاتی حیثیت میں ادا کرنے کا اعلان بھی کیا،گورنر سندھ نے مرحوم تراب کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی,بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ آج وہ یہاں گورنرسندھ کی حیثیت سے نہیں بلکہ کراچی کے ایک بیٹے کے طور پر آئے ہیں،اور انہوں نے تراب کی والدہ کو کہا ہے کہ وہ انہیں اپنا بیٹا سمجھیں،انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے نوجوان مسلسل اسٹریٹ کرائمز کا شکار ہورہے ہیں، گورنر سندھ نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث مجرمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ نگہبان کیمروں اور پیٹرولنگ میں اضافے سے شرپسندوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کے معاشی حب میں اس طرح کی وارداتیں افسوسناک ہیںاور خصوصا شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز میں دن بدن اضافہ تشویشناک ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وہ ان واقعات کی روک تھام کے لئے متعلقہ حکام کی توجہ مبذول کرواتے رہیں گے۔