Live Updates

روٹی کے بعد نان کی قیمت بھی کم ہوگئی، نوٹی فکیشن جاری

گندم کی بہتر فصل، رسد اور قیمت کے پیش نظر محکمہ خوراک کی سفارش پر نئی قیمتوں کا تعین کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 اپریل 2024 21:30

روٹی کے بعد نان کی قیمت بھی کم ہوگئی، نوٹی فکیشن جاری
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اپریل 2024ء ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے روٹی و نان کی نئی قیمت کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔ ترجمان کے مطابق جاری نوٹیفکیشن میں100 گرام روٹی کی قیمت 16 روپے اور 120 گرام نان کی نئی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے، نوٹیفیکیشن پنجاب نگرانی قیمت برائے اشیاء ضروریہ آرڈینینس کے تحت جاری کیا گیا، جس کے تحت ضلع بھر میں روٹی نان کی قیمت کا اطلاق فی الفور ہوگا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ گندم کی بہتر فصل، رسد اور قیمت کے پیش نظر محکمہ خوراک کی سفارش پر نئی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے، عوام کسی بھی جگہ روٹی نان کی قیمت کے حوالے سے شکایت 080002345 پر درج کروائیں۔ قبل ازیں اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے روٹی کی قیمت کم کرکے 16روپے مقرر کردی ہے، اس حوالے سے پنجاب کے تمام اضلاع اور متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کردی ہیں، اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 500 روپے کی کمی کے بعد 2800 روپے سے کم ہو کر2300 روپے کا ہوچکا ہے، اس حوالے سے چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے بتایا کہ گندم کی قیمت میں کمی کی وجہ سے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں کمی آئی ہے جب کہ منڈیوں میں پنجاب کی نئی گندم بھی آنا شروع ہو چکی ہے جس کے بعد 20 کلو آٹے کے تھیلے میں تقریباً 300 روپے مزید کمی متوقع ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات